رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کا جہاز انجن سے تیل کے اخراج کے باعث تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا ہے جس کی وجہ سے پرواز میں تاخیر ہوئی۔ جہاز نے آج صبح چار بجے لاہور سے روانہ ہونا تھا جو تاحال روانہ نہ ہو سکا۔
ائیرپورٹ زرائع کے مطابق طیارہ گزشتہ روز چار بجے ٹورانٹو سے لاہور آیا تھا لینڈنگ کے بعد ائیر کرافٹ انجنئیرز نے جہاز کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ انجن میں آئل کی لیکیج کا مسئلہ آرہا ہے۔
پی آئی اے انجینئرنگ کا عملہ 34 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی طیارے کی خرابی دور نہ کرسکا جبکہ گزشتہ روز لینڈنگ کے بعد دوران چیکنگ پی آئی اے کے گراؤنڈ انجینئرز کی جانب سے انجن میں خرابی کا بتایا گیا تھا جس کو ٹھیک کرنے کے لیے پی آئی اے انجینئرنگ کی ٹیم آج کراچی سے لاہور آکر خرابی دور کرے گی۔
طیارہ گزشتہ روز 300 سے زائد مسافروں کو ٹورانٹو سے لاہور لایا تھا۔ اس طیارے نے آج صبح بھی 300 سے زائد مسافروں کو لاہور سے ٹورانٹو لے کر جانا تھا۔
واضح رہے کہ پی آئی اے نے کچھ روز قبل ہی خراب طیارے کو ٹورانٹو پرواز کیلئے مرمت کیا تھا۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق جہاز میں فنی خرابی کو دور کیا جارہا ہے، پی آئی اے انجنئیرز خرابی کو دور کر رہے ہیں، خرابی دور کرتے ہی جہاز کو روانہ کر دیا جائے گا۔