پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر کل ہوگی

0 minutes, 0 seconds Read

اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے، مکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آںے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین نے کی۔ اجلاس شام 6 بج کر 10 منٹ پر وزارت مذہبی امور کے کوہسار بلاک کی چھت پر منعقد ہوا، جہاں چاند کی رویت کا جائزہ لیا گیا۔

چاند دیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوہسار بلاک کی چھت پر جدید آپٹیکل ٹیلی سکوپ نصب کی گئی، جو اسپارکو حکام کی جانب سے فراہم کی گئی تھی۔

زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد ہوئے، جہاں مقامی سطح پر چاند کی رویت سے متعلق مشاہدہ کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر چاند کی رویت سے متعلق باضابطہ اعلان کیا گیا۔

ریسرچ رویت ہلال کونسل کے مطابق شوال کا چاند گزشتہ روز 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پایا تھا، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے تھی، آج پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان تھا، جسے انسانی آنکھ سے بھی آسانی سے دیکھا جاسکتا تھا۔

محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر آنے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتوار کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زیادہ ہوگی، چاند دکھائی دینے کے لیے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر سے موصول گواہیوں کا جائزہ لے کر شوال کا باقاعدہ اعلان کیا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے پیر 31 مارچ سے بدھ 2 اپریل تک عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کررکھا تھا۔

دوسری جانب آج سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر، کویت، بحرین، یمن، فلسطین، افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں مسلمانوں نے آج عید الفطر منائی۔

مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے اجتماع میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی زائرین نماز عید کے اجتماعات میں شریک ہوئے۔

پاکستان میں بوہری کمیونٹی نے بھی آج عید الفطر منائی، جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں بھی عیدالفطر آج منائی گئی۔ اس کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ایمل ولی نے بھی آج سعودی عرب کے ساتھ عید منانے کا اعلان کر رکھا تھا۔

Similar Posts