ایورٹن کے خلاف فٹبال میچ میں کھلاڑی سے تصادم کے بعد چیلسی کے زخمی مارٹنیز کی سرجری
چیلسی کے گول کیپر ایمی مارٹینیز ایورٹن کے خلاف میچ کے دوران حریف کھلاڑی سے ٹکرانے کے بعد زخمی ہوگئے، جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔ مارٹینیز نے سرجری کامیاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے چند ہفتوں میں واپسی کی امید ظاہر کی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کو پریمیئر لیگ کے میچ میں چیلسی نے ایورٹن کو 0-2 سے شکست دی۔ چیلسی کی جانب سے پیڈرو نیٹو نے دونوں گول کیے، تاہم اس کامیابی کے دوران مارٹینیز کی انجری نے میچ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں ایورٹن کے کھلاڑی جارن برینتھ ویٹ اور چیلسی کے گول کیپر ایمی مارٹینیز اس وقت آپس میں ٹکرا گئے جب ایورٹن کے کیرن ڈیوسبری ہال نے فری کک پر گیند گول کے سامنے بھیجی۔
ٹکر کے بعد برینتھ ویٹ طبی امداد لینے کے بعد دوبارہ کھڑے ہوگئے، تاہم مارٹینیز کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں 34 سالہ گول کیپر کو اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور سر پر چوٹ لگنے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ارجنٹائن کے میڈیا کی رپورٹس میں ان کے جبڑے پر چوٹ آنے کا بھی بتایا گیا تھا۔
مارٹینیز نے اتوار کو اسپتال سے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سرجری کامیاب رہی ہے۔
انہوں نے لکھا، پیغامات بھیجنے والے تمام لوگوں کا شکریہ، آپریشن کامیاب رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم میچ جیت گئے اور حریف ٹیم کو کوئی گول نہیں کرنے دیا۔ میں چند ہفتوں میں واپس آجاؤں گا۔