پارٹی عمران خان کے فیصلے پر متحد ہے، دوبارہ وزارت اعلیٰ کی پیش کش قبول نہیں کروں گا، گنڈا پور

0 minutes, 0 seconds Read
علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین کا فیصلہ ہر طرح سے قبول ہے، اگر دوبارہ پیش کش ہوئی تو وزارت اعلیٰ قبول نہیں کروں گا اور یہ عمران خان کو واضح کرچکا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی چیئرمین کا فیصلہ ہر طرح سے قبول ہے اور اُن کی ہدایت پر استعفیٰ دے چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ جو بھی کرتا ہے اس میں بہتری ہوتی ہے اور یہی ہمارا ایمان ہے، پارٹی ہمیشہ کی طرح متحد ہے اور میں انہیں چلینج کرتا ہوں کہ سیاسی طریقے سے ہماری حکومت گرا کر دکھا دیں۔

گنڈا پور نے کہا کہ ٹائم ضائع کرکے ڈرامہ بازیاں نہ کی جائیں، حکومت جو چکر بنارہی ہے اس حوالے سے ہم نے بھی اپنا لائحہ عمل بنالیا ہے اور ہم متحد ہوکر ان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، خیبرپختونخوا عمران خان کا گڑھ تھا اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی چلینج کیا تھا اور اب بھی کرتا ہوں کہ یہ ہماری حکومت کو سیاسی طور پر گرا نہیں سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میرے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں اور میں صرف کارکن بن کر کام کرنا چاہتا ہوں، اگر دوبارہ وزارت اعلیٰ کی پیش کش ہوئی تو اسے تسلیم نہیں کروں گا اور یہ بات عمران خان کو واضح کرچکا ہوں۔

 

Similar Posts