صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز اپنے شہریوں کے تحفظ میں اپنی سرحدوں کے اندر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرتی رہتی ہیں، افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کابل انتظامیہ سے ہمارے ہونے والے تمام رابطوں میں ایجنڈا پر سرفہرست ہے، اپنی ریاست اور شہریوں کا تحفظ پاکستان کی اولین ذمہ داری ہے۔
شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ ہمارا یقین ہے کہ افغانستان کو اپنی سیکیورٹی و سالمیت واپس لینی چاہیے اور افغانستان میں موجود دہشت گردوں بالخصوص فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، افغان وزیر خارجہ کے دورہ کے حوالے سے تواریخ کا طے ہونا باقی ہے اس پر کام ہو رہا ہے۔
شفقت علی خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا میں آصف مرچنٹ اور محمد پہلوان سمیت 8 پاکستانی مختلف جرائم میں زیر حراست ہیں ان میں سے محمد پہلوان پر امریکا کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات ہیں ان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے محمد پہلوان کو ابھی سزا نہیں سنائی گئی تاہم سزا سنائے جانے کے بعد وہ پاکستان میں اپنی سزا مکمل کریں گے ان کہ سفری دستاویز تیار کی جا رہی ہیں آصف مرچنٹ کا معاملہ بھی امریکی عدالت میں ہے۔