کراچی کے علاقے کورنگی میں زیرزمین گیس کے اخراج کے باعث لگنے والی آگ تیسرے دن بھی بدستور جاری ہے، فائر بریگیڈ حکام آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
کراچی کے علاقے کورنگی میں زیرزمین گیس کے اخراج کے باعث لگنے والی آگ تیسرے دن بھی بدستور جاری ہے، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، اس حوالے سے ممکنہ خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ٹیم متاثرہ علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کے ایم سی فائر بریگیڈ کی ٹیم متاثرہ مقام پر موجود ہے اور آگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق آگ سے متاثرہ مقام کو اطراف سے بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی مزید ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
علاقے کی حفاظت کے لیے پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ عوام کو محفوظ رکھا جا سکے اور آگ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں بورنگ کے دوران لگی آگ کو آج تیسرا روز ہے، ماہرین کا کہنا تھا کہ آگ کی وجہ زیر زمین میں گیس کا چھوٹا ذخیرہ ہوسکتا ہے، جو ختم ہونے پر آگ بجھ جائے گی۔
تاہم آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے، جبکہ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آگ کو بجھنے میں ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔