غذر کے بالائی علاقے شمرن میں برفانی تودہ گرنے سے گلگت چترال روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی، شاہراہِ کی بندش سے غذر کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ کٹ گیا جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دوسری جانب گلگت میں سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
غذر میں برفانی تودہ گرگیا
غذر میں برفانی تودہ گرنے سے گلگت چترال روڈ یولنگ کے مقام پر ٹریفک کے بند ہوگئی جبکہ سینکڑوں مسافر پھنس گئے، شاہراہِ کی بندش سے غذر کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی دیگر علاقوں سے کٹ گیا۔
روڈ کی بحالی کے کام میں ست رفتاری پر بالائی علاقوں میں اشیا خورد و نوش کی قلت کا خدشہ ہے جبکہ این ایچ اے کی جانب سے بھاری مشینری نہ پہنچانے کی وجہ سے روڈ کی بحالی تاخیر کا شکار ہے۔
عید منانے اپنے گھروں کو آنے والے مسافر بھی پھنس گئے، بین الصوبائی شاہراہِ کی بندش کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے فوری طور پر روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گلگت میں شاہراہ قراقرم پر سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ، 5 افراد زخمی
دوسری جانب گلگت میں سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جہاں تیز رفتاری کے باعث کار کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
راولپنڈی سے گلگت کی طرف آنے والی کار شاہراہ قراقرم گینی کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی، کار میں 5 مسافر سوار تھے جو کہ اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں جن کا تعلق رائے ونڈ لاہور سے بتایا جاتا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو چلاس اسپتال منتقل کردیا۔