ویسٹ انڈیز نے ون ڈے کرکٹ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے دورے پر ہے جہاں تین میچوں کی ایک روزہ سیریز جاری ہے اور پہلے میچ میں شکست کے بعد دوسرے میچ میں ریکارڈ بنا دیا۔

بنگلہ دیش کے شہر میرپور میں جاری ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے باآسانی ویسٹ انڈیز کو 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سیریز میں واپسی کے لیے منفرد ریکارڈ قائم کردیا۔

ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے میچ میں پہلے بولنگ کی اور تمام 50 اوورز اسپنرز سے کروائے جو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا عالمی ریکارڈ ہے۔

میرپور میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے 5 اسپنرز نے اپنے کوٹے کے 10،10 اوورز کرائے حالانکہ ٹیم میں فاسٹ بولر رودرفورڈ بھی شامل تھے لیکن انہیں بولنگ کا موقع نہیں دیا گیا۔

 

 

 

 

View this post on Instagram

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

A post shared by ESPNcricinfo (@espncricinfo)

ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 10 اوورز میں 41 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور ایک اوور میڈن کرایا، روسٹن چیز نے 10 اوور کے کوٹے میں دو میڈن کے ساتھ 44 رنز دیے لیکن وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

گوداکیش موتی نے سب سے زیادہ 65 رنز دیے اور 3 وکٹیں بھی حاصل کیں، خارے پیئر نے کوئی وکٹ حاصل کیے بغیر 10 اوورز میں 43 رنز دیے۔

الیک ایتھانیز نے 10 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر دو وکٹیں اپنے نام کیں اور 3 اوور میڈن کرائے۔

آئی سی سی کے مطابق اس سے قبل سری لنکا نے تین مرتبہ سب سے زیادہ 44 اوورز اسپنرز سے کرائے تھے جو ایک روزہ کرکٹ میں عالمی ریکارڈ تھا۔

سری لنکا نے 1996 میں ویسٹ انڈیز، 1998 میں نیوزی لینڈ اور 2004 میں آسٹریلیا کے خلاف 44 اوورز اسپنرز سے کروائے تھے۔

Similar Posts