غیر قانونی تاریکنِ وطن دوبارہ امریکا آئے تو 10 سال سزا ہوگی: صدر ٹرمپ کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے تارکینِ وطن اگر دوبارہ امریکا آئے اور گرفتار ہوئے تو انہیں دس سال قید کی سزا دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ماضی میں چین کے ساتھ کیے گئے تجارتی معاہدوں کے باعث امریکا نے بیجنگ کو اربوں ڈالر فراہم کیے، جس سے دراصل چین کی فوجی طاقت بڑھانے میں مدد ملی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے ٹیرف عائد کر کے چین سے سیکڑوں لاکھوں ڈالر واپس لیے۔

ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت میں انتہاپسند عناصر موجود ہیں جو ملک کے مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطی کے کئی اتحادیوں نے ان سے بات کی ہے اور کہا ہے کہ وہ خوشی سے غزہ میں اپنی فوج بھیجنا چاہتے ہیں تاکہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر حماس کو سیدھا کردیں۔

الجزیرہ کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے ان سے اور اسرائیل سے کہا ہے کہ ابھی نہیں، کیونکہ ابھی بھی امید ہے کہ حماس ٹھیک ہوجائے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو پھر تنظیم کا خاتمہ فوری اور دردناک ہوگا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فاریم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ، ”مشرق وسطیٰ کے عظیم اتحادی اور دیگر ممالک نے نہایت خوشی کے ساتھ مجھے کہا ہے اگر حماس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو وہ میری درخواست پر غزہ میں بھاری فورس کے ساتھ داخل ہو کر حماس کو سبق سکھائیں گے۔“

تاہم صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ کون سے ممالک نے غزہ میں فورس بھیجنے کی پیشکش کی ہے، تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں انڈونیشیا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ، ”امریکا کی مدد اور تعاون کرنے پر میں انڈونیشیا کے عظیم رہنما کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔“


AAJ News Whatsapp

اگرچہ جکارتہ اور دیگر حکومتوں نے غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے امن دستے بھیجنے کی پیشکش کی ہے، لیکن کسی ملک نے حماس کے ساتھ براہ راست تصادم کی آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل 10 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے تقریباً 100 فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے۔

دوسری جانب مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم جاری ہیں۔ مغربی شہر رملہ کے گاؤں طرموس میں غیر قانونی یہودی آباد کاروں نے فلسطینی کسانوں پر حملہ کردیا اور زیتون کے باغات کو نقصان پہنچایا ہے۔

نابلوس میں اسرائیلی فوجی ایک فلسطینی کا الیکٹرک اسکوٹر چرا کر لے گئے جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔

Similar Posts