معروف اینکر اور عوام راج پارٹی کے سربراہ اقرار الحسن گرفتار

معروف ٹی وی اینکر اور پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کو لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق رات تقریباً 3 بجے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع اقرار الحسن کے گھر پہنچے اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے ہمراہ خواتین اہلکار بھی موجود تھیں، جن کے بیجز پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) درج تھا۔

نجی نیوز چینل کے اینکر پرسن وسیم بادامی نے بھی ایک ویڈیو میں اقرار الحسن کی گرفتاری سے متعلق اطلاعات ملنے کی تصدیق کی۔ وسیم بادامی اقرار الحسن کے ساتھ متعدد پروگراموں میں کام کر چکے ہیں۔

وسیم بادامی کا کہنا تھا کہ اقرار الحسن کو لے جانے والے اہلکار سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے اور ان کے ساتھ خواتین اہلکار بھی موجود تھیں۔

واضح رہے کہ اقرار الحسن پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اور نجی ٹی وی کے سابق اینکر ہیں۔

تاحال اقرار الحسن کو گرفتار کیے جانے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں اور نہ ہی ان کے خلاف کسی مقدمے کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے بھی گرفتاری کے حوالے سے باضابطہ بیان سامنے آنا باقی ہے۔

Related posts