پنجاب اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں قرارداد جمع

پنجاب اسممبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں قرارداد جمع کروا دی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے قرارداد صوبائی اسمبلی میں جمع کروائی، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 27 ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق یہ ایوان سمجھتا ہے کہ یہ ترمیم ادارہ جاتی استحکام اور شفافیت کی ضامن ہے۔ یہ ایوان اس امر پر زور دیتا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی اس پر شب خون نہ مار سکے۔

متن کے مطابق یہ ایوان آئینی عدالت کے قیام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتا ہے، ترمیم سے عدلیہ کی آزادی اور غیر جانبداری کو تقویت ملے گی۔ یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ صوبائی خودمختاری اور وفاقی توازن مزید مضبوط ہوگا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مزید خودمختار اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، یہ ایوان اعتراف کرتا ہے کہ یہ ترمیم انقلاب نہیں بلکہ ادارہ جاتی ارتقا ہے۔

پنجاب اسمبلی کا ایوان وزیرِ اعظم پاکستان کو آئینی اصلاحات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم پاکستان کے اداروں کے استحکام کا سنگِ میل ہے۔

Similar Posts