شے ہوپ نے نیپئر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے برق رفتار سنچری مکمل کی اور ریکارڈ قائم کیا لیکن ویسٹ انڈیز کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان نے 69 گیندوں پر 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 109 رنز بنایا، جس کی بدولت 34 اوورز میں ٹیم نے 9 وکٹوں پر 247 رنز بنا لیا۔
نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے دوسرے میچ میں 3 گیندیں قبل 248 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا اور سیریز بھی جیت لی۔
شے ہوپ نے میچ میں سنچری بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی 11 ٹیموں سمیت تمام فل ممبرز کے خلاف ون ڈے میں سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اور ویسٹ انڈیز کے ہی کرس گیل نے 12،12 ٹیموں کے خلاف سنچری بنا کر ریکارڈ بنایا تھا۔
ویسٹ انڈیز کے اسٹار بیٹر نے 11 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ نیدرلینڈز اور نیپال جیسی فل ممبر ٹیموں کے خلاف سنچری بنائی، جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔
بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے دیگر بیٹر میں سچن ٹنڈولکر، گیری کرسٹن، رکی پونٹنگ، راہول ڈریوڈ، کمار سنگاکارا، ہاشم آملہ، شیکھر دھون، مارٹن گپٹل اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ 11،11 ٹیموں کے خلاف سنچری بنا چکے ہیں۔
شے ہوپ نے ون ڈے میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ، نیپال، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف سنچریاں بنائی ہیں۔
کرک انفو کے مطابق شے ہوپ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بنا کر ون ڈے کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ ٹیموں کے خلاف سنچری کا ریکارڈ بنایا ہے، اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ، کرس گیل، ہاشم آملہ اور مارٹن گپٹل نے ون ڈے میں 11 ٹیموں کے خلاف سنچریاں بنائی تھیں۔
شے ہوپ نے ون ڈے کی تاریخ میں 10 ممالک میں سنچری بنانے کا بھی اعزاز حاصل کیا ہے، تاہم سچن ٹنڈولکر اور سنتھ جے سوریا نے سب سے زیادہ 12 ممالک میں ون ڈے سنچریاں بنا رکھی ہیں، کرس گیل اور ویرات کوہلی بھی 10 ممالک میں ون ڈے سنچریاں بنائی ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے لیے 142 ون ڈے میچوں میں تیز ترین 60 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بیٹر بن گئے ہیں، اس سے قبل ویوین رچرڈز نے 141 میچوں میں ویسٹ انڈیز کے لیے تیز ترین 6 ہزار رنز بنائے تھے۔
شے ہوپ نے ون ڈے کیریئر میں عظیم بلے باز برائن لارا کا ریکارڈ بھی برابر کردیا، انہوں نے ون ڈے میں مجموعی طور پر 19 سنچریاں بنائی ہیں جبکہ کرس گیل نے سب سے زیادہ 25 سنچریاں بنا چکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان 142 اننگز میں تیز ترین 19 سنچریاں بنانے والے بیٹرز میں پانچویں نمبر پر ہیں اور ان سے پہلے بابر اعظم 102 میچوں، ہاشم آملہ 104، ویرات کوہلی 124 اور ڈیوڈ وارنر 139 میچوں میں یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں، جبکہ کرس گیل اور برائن لارا نے بالترتیب 189 اور 243 ویں اننگز میں 19 سنچریاں بنائی تھیں۔