سہہ ملکی سیریز: پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے گلابی کٹ میں کھیلے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو پنک ربن مہم کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میچ کے دوران خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ پاکستانی کرکٹرز خصوصی طور پر تیار کردہ گلابی کٹ پہن کر میدان میں اتریں گے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

اس موقع پر انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی، جبکہ میچ میں خصوصی طور پر تیار کیے گئے گلابی اسٹمپس استعمال ہوں گے۔’

اس کے علاوہ اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں اور ایل ای ڈی بورڈز پر چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے پیغامات نشر کیے جائیں گے، تاکہ شائقین کو اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل قذافی اسٹیڈیم میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خصوصی ویڈیو پیغامات کے ذریعے بھی چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کریں گے۔ اس مہم کا مقصد کرکٹ کی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک آگاہی کا پیغام پہنچانا ہے۔

مہم کے سلسلے میں پی سی بی نے خصوصی پنک شرٹس بھی متعارف کرا دی ہیں، جو 19 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں قائم پی سی بی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔

دوسری جانب پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ ہسپتال لاہور میں 24 اور 26 اکتوبر کو شائقین کے لیے چھاتی کے سرطان کی مفت اسکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ خواتین کو مرض کی بروقت تشخیص کے حوالے سے عملی سہولت میسر آسکے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ بورڈ کرکٹ کی مقبولیت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی کا کہنا تھا کہ بورڈ چاہتا ہے کہ شائقین کرکٹ بھی پنک ربن مہم کا حصہ بنیں اور بروقت تشخیص اور اسکریننگ کا پیغام اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔

پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ اشتراک کے ذریعے لاکھوں افراد تک چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا پیغام پہنچانے اور مستحق خواتین کے علاج میں معاونت کا موقع ملے گا۔

Related posts