نیشنل بینک اسٹیڈیم پر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 224 رنز بنائے۔ کپتان سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئےاور 56 گیندوں پر99 رنزپر وکٹ گنوا کر سینچری سے محروم رہے۔نائب کپتان سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے 53 رنز کی اننگ کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 وکٹوں پر 100 رنز تک محدود رہی۔ ذوالفقار بابر اور محمد علی نے 2، 2 وکٹیں باہم تقسیم کیں۔
گروپ اے کے دیگر میچز میں متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو 7 وکٹوں اور جنوبی افریقا نے ہانگ کانگ کو 25 رنز سے شکست دی۔
گروپ بی میں آسٹریلیا نے امریکا کو شکست کا ذائقہ چکھاتے ہوئے6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ریسٹ آف دی گلف نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو 3 وکٹوں سے قابو کیا جبکہ سری لنکا نے زمبابوے کو10وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعرات کو ایونٹ کا پانچواں اور آخری راؤنڈ کھیلا جائے گا۔ گروپ اے میں جنوبی افریقا کا یو اے ای، ہانگ کانگ کا ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا کینیڈا سے مقابلہ ہوگا۔
گروپ بی میں آسٹریلیا کا زمبابوے، امریکا کا ریسٹ آف دی ورلڈ اور سری لنکا کا ریسٹ آف دی گلف سے مقابلہ طے ہے۔