کراچی کا نظام بھیڑیوں کے ہاتھوں میں دے دیا گیا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ  نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کا نظام بھیڑیوں کے ہاتھوں میں دے دیا گیا ہے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کرپشن کا گڑھ بن چکی ہے، آئین میں ترامیم کرانے والے سندھ حکومت کے سرپرست اعلیٰ ہیں جس کے نتیجے میں یہ نااہلی کا شاہکار بنی ہوئی ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ بی آرٹی کے نام پرشہریوں کو مشکلات میں ڈالا گیا، گٹرمیں گرنے کے واقعات متعدد ہوچکے ہیں، کئی سال گزرنے کے بعد بی آر ٹی لائن منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، اس کے ڈیزائن میں نقائص ہیں۔ بی آر ٹی منصوبہ ختم کرکے یونیورسٹی روڈ کو بحال کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ تین ہزار تین سو ساٹھ ارب روپے سندھ حکومت کھا گئی۔ سندھ حکومت نے کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔  کسی بھی شہری کے گھر پر کوئی قبضہ کریگا ہم مزاحمت کریں گے، ہم نے قبضہ چھڑوانے کے لیے سیل قائم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں دریائے راوی کے قریب غیرقانونی سوسائٹی بنائی گئی، پورے پاکستان میں زمین پرقبضہ کرنے والوں کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ بدل دو نظام تحریک کے تحت اب جہاں کہیں بھی قبضہ ہوگا جماعت اسلامی اس کے ساتھ ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انتظامی یونٹس کی بحث سے لوگوں کو آپس میں لڑایا جاتا ہے، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی سب مل کر اس شہر کے وسائل پر قبضہ کررہے ہیں، سندھ ہو یا پنجاب اتھارٹیز بنا کر وسائل کو لوٹا جارہا ہے۔

Similar Posts