مریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں کابینہ اجلاس کے دوران جہاں وہ دنیا کی متعدد جنگیں ختم کروانے کا دعویٰ کرتے رہے وہیں وہ خود نیند سے بھی جنگ کرتے نظر آئے۔
یہ کابینہ اجلاس دوپہر کو ہوا تھا اور تقریباً 2 گھنٹے 18 منٹ جاری رہا جس میں زیادہ تر وقت وزرا صدر ٹرمپ کی جنگیں رکوانے کی کوششوں کی تعریفیں کرتے رہے۔
تاہم صدر ٹرمپ پر نیند کا غلبہ رہا۔ وہ کبھی اونگھنے لگتے تو کبھی آنکھ بند کر کے مکمل طور پر سو جاتے اور کبھی اچانک اُٹھ جاتے۔
صدر ٹرمپ کی نیند کی جھپکیوں کے دوران کابینہ اجلاس تو ختم ہوگیا لیکن اپنے پیچھے کئی سوالات کھڑے کرگیا۔
بالخصوص یہ کہ صدر ٹرمپ متعدد بار اپنے حریف سابق صدر جوبائیڈن کو ’’ نیند ‘‘ کے معاملے پر طنز کرتے ہوئے اس عہدے کے لیے نااہل قرار دے چکے ہیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سے ایک بار پھر یہ بحث زور پکڑنے لگی ہے کہ امریکی صدر کے اہم ترین اور آزمائش سے بھرے عہدے کے لیے عمر کا تعین اور صحت کتنا اہم ہے۔