ملتان: 15 سالہ وسیم عباس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ، موت سے پہلے چوٹوں کی تصدیق

ملتان میں مبینہ طور پر جبری مشقت سے انکار پر گاڑی سے کچلے جانے والے 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ متوفی کی موت سر پر شدید چوٹ لگنے اور دماغ کو پہنچنے والے نقصان کی بناء پر ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق لڑکے کا پورا جسم، بالخصوص سر اور چہرے کا بایاں حصہ شدید متاثر ہوا جبکہ اوپری جبڑے اور ناک کی ہڈیاں بھی ٹوٹی ہوئی پائیں گئیں۔

نشتر اسپتال ملتان میں تیار کی گئی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ وسیم عباس کے جسم پر متعدد زخموں اور چوٹوں کی نشان دہی ہوئی ہے، جن میں دائیں گھٹنے پر خراش کا نشان بھی شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق تمام چوٹیں موت واقع ہونے سے قبل کی ہیں اور متوفی کی موت 19 اکتوبر کو شام 4 بج کر 40 منٹ پر ہوئی، جس کے بعد اسی رات 9 بج کر 55 منٹ پر پوسٹ مارٹم کا عمل شروع کیا گیا۔

یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واقعے کے مرکزی ملزم توقیر نذیر کی بہاولپور کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت ہو چکی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم توقیر نذیر کو عدالت سے چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد پولیس حراست میں رکھا گیا تھا جہاں سے وہ فرار ہو گیا تھا۔

ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم توقیر اپنے ہی مفرور ساتھی کی گولی لگنے سے مارا گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

واضح رہے کہ ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں الیکٹریشن کا کام چھوڑ کر جانے پر 15 سالہ وسیم عباس کو تیز رفتار گاڑی سے کچلا گیا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔

اس واقعے کے بعد ملزم کی عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلاء کے تشدد کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جبکہ مقتول کی تدفین ان کے آبائی علاقے مظفرگڑھ میں ادا کی جا چکی ہے۔

پولیس کے مطابق مفرور ملزم کی گرفتاری اور کیس کے تمام قانونی پہلوؤں کو مکمل کرنے کے لیے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

Related posts