پاکستان کسٹمز نے رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ائیرپورٹس پر کارروائیاں کرتے ہوئے 30 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور چاندی ضبط کرلیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق رواں سال کے 5 ماہ کے دوران پاکستان کسٹمز نے ملک بھر کے بین الاقوامی ائیر پورٹس پر2.73 کلوگرام سونا اور 359 کلوگرام چاندی ضبط کر لیا جبکہ ملک میں چاندی کی اسمگلنگ کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ چاندی کی درآمدات اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارت تجارت کے قواعدو ضوابط کے تحت ہوتی ہیں اور مارکیٹ جائزوں کے مطابق چاندی کی قیمت میں گزشتہ 10 ماہ کے دوران دوگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ قیمت میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے ملک میں چاندی اسمگلنگ کا رحجان بڑھا ہے تاہم ایف بی آر اسمگلنگ کی روک تھام اور اس کے منفی اثرات سے قومی معیشت کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔