صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھوٹان کی قومی یکجہتی، مضبوط ثقافتی شناخت اور روایات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی قومی خوشی اور ماحولیاتی تحفظ پر مبنی بھوٹان کا ماڈل آج کی دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بھوٹان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی تنظیم سارک کے فریم ورک کے تحت تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی بالادستی کے عزائم سارک کی اصل روح اور علاقائی تعاون کے اصولوں کے منافی ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان سارک کی بحالی اور خطے میں مؤثر علاقائی تعاون کے لیے بھوٹان کے تعاون کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی روابط اور عوام سے عوام کے تعلقات خطے میں اعتماد سازی اور باہمی سمجھ بوجھ کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے آخر میں بھوٹان کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی دعا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔