ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت کے احکامات پر جوڈیشل کمپلیکس سمیت مختلف مقامات پر ملزمان کی طلبی کے نوٹسز آویزاں کر دیے گئے ہیں، جن میں انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالتی نوٹسز کے مطابق سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملزمان عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہے یا روپوش ہیں، جس کے باعث عدالت نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے طلبی کے نوٹس جاری کیے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے آویزاں کیے گئے نوٹسز میں واضح کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی، شفیع اللہ اور دیگر تمام نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوں۔ نوٹسز میں یہ بھی درج ہے کہ ملزمان کی پیشی کے حوالے سے یہ آخری موقع دیا جا رہا ہے تاکہ وہ عدالت کے سامنے حاضر ہو کر اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔
عدالت کی جانب سے جاری نوٹسز میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر سیکشن 87 کے تحت جاری کارروائی کے دوران ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے تو انہیں باقاعدہ طور پر اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔ عدالتی حکام کے مطابق نوٹسز کی تعمیل نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔