وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن نےاسٹاپ لسٹ میں نام شامل ہونے کے سبب میونسپل کمشنر کراچی افضل زیدی کو بیرون ملک سفر سے روک دیا اور ترکیہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق میونسپل کمشنر افضل زیدی گزشتہ شب ترکش ائیرلائن کی پرواز کے ذریعےکراچی سے استنبول جا رہے تھے، تاہم امیگریشن کاونٹر عملے نے اسٹاپ لسٹ میں نام شامل ہونے کی وجہ سے انہیں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہیں دی اور انہیں ترکیہ جانے والی پرواز سےآف لوڈ کردیاگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ امیگریشن حکام کی جانب سےانہیں کہا گیا کہ فہرست میں نام شامل ہونے کے سبب فضائی سفر نہیں کرسکتے، پہلے اسٹاپ لسٹ سےنام نکلوائیں یا عدالت سے اجازت لےکر آئیں پھر بیرون ملک سفر کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مختلف الزامات کے سبب درجنوں افسران کو خصوصی واچ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔