امریکی چینل نکلوڈیئن کے مشہور ٹی وی شو ’نِڈز ڈی کلاسیفائیڈ اسکول سروائیول گائیڈ‘ میں بطور چائلڈ آرٹسٹ مارٹن کوئرلی کے کردار سے شہرت پانے والے ٹائلر چیس ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، تاہم اس بار وہ اپنے کسی فلم کے کردار کا کامیابی کی وجہ سے مشہور نہیں ہوئے۔
چند روز قبل، سابق چائلڈ اسٹار کی سڑکوں پر زندگی گزارتے ہوئے ویڈیوز وائرل ہوئیں جس سے نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ ان کے چاہنے والوں کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا۔
سابق چائلڈ اسٹار کا اداکاری سے بے گھر ہونے تک کا سفر
وائرل ویڈیوز ٹائلر چیس کو امریکا کے شہر کیلیفورنیا میں سڑکوں پر پایا گیا یعنی وہ غربت میں سڑکوں پر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
وائرل ویڈیو میں خاتون کے پوچھنے پر ٹائلر چیس پُرسکون لہجے میں بتاتے ہیں کہ وہ ماضی میں نکلوڈیئن ٹی وی پر کام کرچکے ہیں اور اپنے شو کا نام بھی خود بتاتے ہیں۔
ویڈیو بنانے والی خاتون فوراً انہیں پہچان لیتی ہیں اور کہتی ہیں اچھا اچھا تو اپنے وہ بچے کا کردار ادا کیا تھا، جس پر ٹائلر بھی ان کی بات کی تصدیق کرتے ہیں۔
بعد ازاں، کیلیفورنیا پولیس نے سابق چائلڈ اسٹار کی صورتحال سے متعلق کچھ معلومات فراہم کیں، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ چیس نے ان ویڈیوز پر کیا ردِعمل دیا۔
چائلڈ اسٹار کے بعد کا سفر
نِڈز ڈی کلاسیفائیڈ میں مشہور کردار کے بعد ٹائلر چیس نے چند مزید پروجیکٹس میں کام کیا، مگر کام نہ ملنے کی وجہ سے وہ آہستہ آہستہ ہالی ووڈ سے دور ہوتے گئے، 2015 میں انہوں نے عوامی طور پر بارڈر لائن پرسنالٹی ڈس آرڈر (مینٹل ہیلتھ)کے بارے میں بتایا مگر پھر وہ غائب ہوگئے۔
https://x.com/MarioNawfal/status/200285408910993001
یہ صورتِ حال ستمبر 2025 میں بدلی، جب ان کی بوسیدہ کپڑوں میں، پریشان حال نظر آنے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔
پولیس کے انکشافات
پولیس ترجمان ریان ریلز بیک نے ڈیلی میل کو بتایا کہ افسران کو درست طور پر معلوم نہیں کہ ٹائلر چیس کتنے عرصے سے سڑکوں پر رہ رہے ہیں، تاہم پولیس ان سے ہر ہفتے رابطہ کرتی ہے اور وہ اس دوران پولیس سے بھرپور تعاون کرتے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ڈیپارٹمںٹ انہیں مسلسل پناہ گاہوں اور طبی سہولتوں تک رسائی کی پیشکش کرتا ہے لیکن وہ ہر بار خدمات لینے سے انکار کردیتے ہیں۔
وائرل ویڈیوز پر ردِعمل
سابق چائلڈ اسٹار ٹائلر چیس کو معلوم ہوا کہ ان کی سڑکوں پر بنائی گئی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں تو وہ زیادہ پریشان دکھائی نہیں دیے بلکہ انہوں نے اس پر کوئی خاص رد عمل بھی نہیں دیا۔
دوسری جانب، وائرل ویڈیوز کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے نام پر ایک ’گو می فنڈ‘ نامی پیچ بنایا گیا جس میں کچھ رقم بھی جمع ہوئی ہے۔
تاہم ان کی والدہ سے رابطہ کرنے پر انہوں نے جواب دیا کہ ٹائلر کو پیسے نہیں، طبی مدد کی ضرورت ہے، وہ مدد قبول کرنے سے انکار کرتا ہے، میں ان کے چاہنے والوں کی کوششوں کی قدر کرتی ہوں لیکن فنڈز اس کے مسائل کا حل نہیں ہیں، وہ اپنی دواؤں کے لیے پیسوں کا خود انتظام نہیں کرسکتا۔