شہر قائد میں ایسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر پشاور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش شاہ ولی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایس پی ایسٹ زبیر نزیر شیخ کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او پی آئی بی کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم شاہ ولی 25 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دے رہا تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نزیر شیخ نے بتایا کہ ملزم بسوں کے ذریعے پشاور سے کراچی منشیات منتقل کرتا تھا اور کراچی کے مختلف علاقوں خصوصاً پرانی سبزی منڈی، محمود آباد اور ملحقہ علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید تفتیش کے لیے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔