بابر اعظم کا ایک اور سنگِ میل: جوز بٹلر کی برابری کرلی، کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے انگلینڈ کے سابق کپتان جوز بٹلر کے نصف سنچریوں کے ریکارڈ کی برابری کرلی، یہ اعزاز انہوں نے بگ بیش لیگ کے میچ میں شاندار کارکردگی کے دوران حاصل کیا۔

بگ بیش لیگ 15 میں میلبورن رینیگیڈز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم نے ناقابلِ شکست 58 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، ان کی 46 گیندوں پر کھیلی گئی اس اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جس کی بدولت سڈنی سکسرز نے 165 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس اننگز کے ساتھ بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں اپنی 97 ویں نصف سنچری مکمل کی، جس کے بعد وہ اس فہرست میں جوز بٹلر کے ہم پلہ ہو گئے۔

بابر اعظم نے یہ کارنامہ اپنے 333 ویں ٹی 20 میچ میں انجام دیا، جن میں ان کی 11 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اس کے مقابلے میں جوز بٹلر نے 97 نصف سنچریاں 476 میچز میں اسکور کی تھیں، جن میں 8 سنچریاں شامل ہیں۔

ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کے پاس ہے، جنہوں نے 428 میچز میں 113 نصف سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں جب کہ ویرات کوہلی 105 نصف سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ بابر اعظم 97 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے، جوز بٹلر چوتھے اور الیکس ہیلز 92 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میلبورن رینیگیڈز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ اوپنر جوش براؤن نے 19 گیندوں پر 43 رنز بنائے جب کہ جیک فریزر مکگرک نے 38 رنز اسکور کیے۔ حسن خان نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد رضوان صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سڈنی سکسرز کی جانب سے شان ایبٹ نے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جیک ایڈورڈز، بین ڈوارشوئیس اور ہیڈن کیر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں سڈنی سکسرز نے ہدف 19.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔ بابر اعظم کے علاوہ ڈینئل ہیوز نے 30 رنز بنائے جب کہ جوئل ڈیوس 15 گیندوں پر 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس فتح کے بعد سڈنی سکسرز پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گئی ہے، جس نے 5 میچز میں 2 فتوحات اور 3 شکستوں کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ 0.202 ہے جب کہ میلبورن رینیگیڈز ساتویں نمبر پر موجود ہے، جس نے 4 میچز میں ایک کامیابی اور 3 شکستوں کے ساتھ 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ -0.879 ہے۔

Similar Posts