وینزویلا کے صدر کی گرفتاری پر سٹہ، نامعلوم ٹریڈر نے بڑی بازی مار لی

0 minutes, 0 seconds Read

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکی تحویل اور ان پر الزامات کے بعد ایک غیر متوقع مالی کہانی بھی سامنے آ گئی ہے، جس نے سیاست، ٹریڈنگز اور قانون سازی تینوں حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایک نامعلوم تاجر نے پیش گوئی مارکیٹ پلیٹ فارم پولی مارکیٹ پر مادورو کی قریبی مدت میں معزولی سے متعلق شرطیں لگائیں، جو بظاہر انتہائی کم امکانات پر مبنی تھیں۔ تاہم امریکی فوجی کارروائی اور مادورو کی گرفتاری کی خبر سامنے آتے ہی ان شرطوں کی قدر میں غیر معمولی اضافہ ہوا، اور یہ تاجر محض چند دنوں میں تقریباً چار لاکھ دس ہزار ڈالر منافع کمانے میں کامیاب ہو گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان شرطوں پر ابتدائی سرمایہ کاری صرف چونتیس ہزار ڈالر کے لگ بھگ تھی۔

پولی مارکیٹ جیسی پیشگوئی مارکیٹس میں صارفین حقیقی دنیا کے واقعات پر ہاں یا ناں کی بنیاد پر ٹریڈنگ کرتے ہیں، جیسے سیاسی تبدیلیاں، کھیلوں کے نتائج یا معاشی پیش گوئیاں۔ اس تاجر کا اکاؤنٹ دسمبر میں بنایا گیا تھا، اور 27 دسمبر کو اس نے 96 ڈالر کی شرط لگائی تھی کہ اگر 31 جنوری تک امریکا وینزویلا پر حملہ کرے تو اسے فائدہ ہوگا۔ اس کے بعد مزید کئی شرطیں لگائی گئیں، جو مدورو کی گرفتاری کی خبر سے ایک ڈالر فی کنٹریکٹ کی ادائیگی پر پہنچ گئیں۔

مادورو کی گرفتاری نے عالمی مالی منڈیوں پر بھی فوری اثر ڈالا۔ امریکی اسٹاک انڈیکسز میں تیزی دیکھی گئی، تیل کی قیمتیں بڑھیں اور توانائی کے شعبے کے شیئرز نمایاں طور پر اوپر گئے۔ وینزویلا کے سرکاری بانڈز اور ریاستی تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کے بانڈز میں بھی غیر معمولی تیزی آئی، بعض صورتوں میں ان کی قیمت میں تقریباً تیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرمایہ کار اس تبدیلی کو وینزویلا کے مستقبل میں ممکنہ سیاسی و معاشی موڑ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

تاہم اس مالی فائدے نے ایک سنجیدہ سوال کو جنم دیا ہے، کیا یہ محض خوش قسمتی تھی یا کسی اندرونی، غیر اعلانیہ معلومات تک رسائی کا نتیجہ؟ یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ امریکی قانون سازوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

کچھ امریکی اراکینِ کانگریس پہلے ہی اندرونی معلومات کے ذریعے منافع کمانے کے خلاف قوانین کو مزید سخت بنانے کی بات کر رہے تھے۔ اب اسی بحث میں پیش گوئی مارکیٹس بھی شامل ہو گئی ہیں، جہاں مستقبل کے سیاسی یا معاشی واقعات پر شرط لگائی جاتی ہے۔ ایک ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس نے کہا ہے کہ وہ جلد ایک ایسا بل پیش کریں گے جس کے تحت منتخب نمائندوں اور وفاقی سرکاری ملازمین کو ان پلیٹ فارمز پر شرط لگانے سے روک دیا جائے گا، خاص طور پر وہاں جہاں خفیہ یا حساس معلومات کے غلط استعمال کا خدشہ ہو۔

مادورو کی گرفتاری صرف ایک سیاسی واقعہ نہیں رہی، بلکہ اس نے عالمی منڈیوں کی نفسیات، جدید شرط لگانے والے پلیٹ فارمز کے کردار اور قانون سازی کی کمزوریوں کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔ یہ معاملہ اب اس بات کی علامت بنتا جا رہا ہے کہ معلومات کی طاقت، اگر بے قابو ہو جائے، تو چند لمحوں میں سیاسی ہلچل کو مالی فائدے میں کیسے بدلا جا سکتا ہے۔

Similar Posts