بجلی صارفین کیلیے بُری خبر؛ فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان

بجلی صارفین کے لیے بُری خبر سامنے آ گئی، جس کے مطابق ایک ماہ کے لیے بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں درخواست دائر کر دی ہے، جس پر نیپرا اتھارٹی 29 جنوری کو سماعت کرے گی۔

سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست کے مطابق دسمبر میں 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ اسی عرصے کے دوران ڈسکوز کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 9.62 روپے رہی۔

درخواست میں بجلی کی پیداوار کے ذرائع کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں، جن کے مطابق ایک ماہ میں ہائیڈل ذرائع سے 18.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ دسمبر میں مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 13.99 فیصد رہی جب کہ درآمدی کوئلے سے 10.13 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔

سی پی پی اے کے مطابق دسمبر کے دوران قدرتی گیس سے 11.20 فیصد اور درآمدی گیس سے 17.24 فیصد بجلی پیدا کی گئی جب کہ نیوکلیئر ذرائع سے بجلی کی پیداوار 25.05 فیصد رہی۔

نیپرا اتھارٹی سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔

Similar Posts