کیویز نے فیصلہ کن مقابلے میں 41 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی جس کے ساتھ ہی بھارتی کرکٹ کو اپنی ہی سرزمین پر ایک بڑی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی ٹیم کے نامور بیٹرز نیوزی لینڈ کی نسبتاً جونیئر ٹیم کے سامنے بے بس نظر آئے۔ روہت شرما، شبمن گل اور کے ایل راہول جیسے بڑے نام خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور ٹیم کو سیریز کی شکست سے نہ بچا سکے۔ میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور دباؤ کے لمحات میں تسلسل برقرار نہ رکھ سکی۔
اس موقع پر ویرات کوہلی نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 54ویں سنچری اسکور کی اور 124 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم ان کی یہ کوشش بھی بھارت کو شکست سے نہ بچا سکی۔ کوہلی کی اننگز کے باوجود دیگر بیٹرز کا ساتھ نہ دینا ٹیم کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 37 برسوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت میں 7 ون ڈے سیریز کھیل چکی تھی مگر ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ کیویز نے بھارتی سرزمین پر اپنی پہلی ون ڈے سیریز جیت کر کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے درج کروا لیا۔