پی سی بی اور آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ لاہور پہنچ گئے

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سربراہ امین الاسلام لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہنگامی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بی سی بی کے سربراہ امین الاسلام کی پی سی بی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ملاقات میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں قیام کے دوران امین الاسلام اور پاکستانی حکام کے درمیان باہمی کرکٹ تعلقات، مستقبل کی دو طرفہ سیریز اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ مختلف اجلاسوں اور ملاقاتوں میں شرکت کریں گے، جبکہ وہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے ہمراہ آئی سی سی کی میٹنگ میں آن لائن شرکت بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امین الاسلام آج شام لاہور سے ڈھاکا واپس روانہ ہوں گے۔ بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر کے دورۂ لاہور کو دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Similar Posts