ملاقات کے بعد جاری بیان میں ڈاکٹر شفیق الرحمان نے طارق رحمان کو مستقبل کے وزیر اعظم کے طور پر پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد قومی سیاست کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسے بنگلادیش کا خواب دیکھتے ہیں جو خودمختار ہو اور عدل و انصاف کی بنیاد پر قائم ہو۔
جماعت اسلامی کے امیر کے مطابق طارق رحمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد اور اپوزیشن کارکنوں و اقلیتی برادریوں پر حملوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شہری خوف یا عدم تحفظ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر شفیق الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی قومی مفاد کے معاملات میں منتخب حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی، تاہم بطور اپوزیشن جماعت اپنے آئینی کردار سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
الیکشن کمیشن کے سرکاری نتائج کے مطابق 299 نشستوں میں سے بی این پی نے 209 نشستیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کی ہے، جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ طلبہ کی جماعت این سی پی نے 6 نشستیں جیتیں۔