پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے مستقل ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار جاری کر دیا۔ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 4 مئی مقرر کی گئی ہے۔
پی سی بی نے اپنی ویب سائٹ پر ہیڈ کوچ کے لیے تفصیلی اشتہار جاری کیا ہے، جس میں مطلوبہ معیار اور تجربے کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس سے قبل عاقب جاوید کو عبوری بنیادوں پر کوچ مقرر کیا گیا تھا، جنہیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اضافی ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق، عاقب جاوید اب مستقل طور پر ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور امکان ہے کہ انہیں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کی ذمہ داری دی جائے۔ یاد رہے کہ ندیم خان کے مستعفی ہونے کے بعد یہ عہدہ تاحال خالی ہے، جس کے لیے بھی پی سی بی نے علیحدہ اشتہار جاری کر دیا ہے۔
پاکستان ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون ہوگا؟ فیصلہ ہوگیا
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے اس وقت بورڈ کے پاس محدود آپشنز موجود ہیں، تاہم ایک بار پھر غیر ملکی کوچ کی تقرری پر غور کیا جا رہا ہے، اور اس جانب پی سی بی کا رجحان واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔
ہیڈ کوچ کی تلاش پاکستان کرکٹ کے مستقبل اور بالخصوص چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے لیے اہم قرار دی جا رہی ہے۔