تفصیلات کے مطابق معرکہ حق کے دوران دشمن کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوششوں کے بعد پاکستان آرمی نے دفاعی حکمت عملی کے تحت بھرپور ردعمل دیا۔
کارروائی کے دوران جدید آرٹلری کا استعمال کرتے ہوئے اُن مقامات کو ٹارگٹ کیا گیا جہاں سے فائرنگ کی جا رہی تھی۔ ان کارروائیوں میں درجن کے قریب بھارتی پوسٹیں تباہ یا شدید متاثر ہوئیں جبکہ دشمن کو جانی و مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
فوجی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ شہری آبادی محفوظ رہے اور صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا جائے جبکہ جدید نگرانی کے نظام، بشمول ڈرونز، کے ذریعے دشمن کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی گئی۔
دوسری جانب سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے مسلسل نگرانی جاری ہے جبکہ مسلح افواج کو ہائی الرٹ رکھا گیا۔
معرکۂ حق کے دوران لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں دشمن کی پوزیشنز پر نمایاں دباؤ دیکھا گیا، ایک اہم پیش رفت میں بھارتی چیک پوسٹ پر سفید پرچم لہرائے گئے۔
شدید گولہ باری اور پاکستانی فورسز کی درست نشانہ بازی کے باعث مذکورہ بھارتی چوکی پر موجود اہلکاروں نے پسپائی اختیار کی اور چوکیوں کو خالی کر دیا۔ سفید پرچم لہرانا عام طور پر جنگی صورتحال میں ہتھیار ڈالنے یا مزاحمت ختم کرنے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
فوجی حلقوں کے مطابق پاکستان آرمی کی کارروائیاں صرف اُن مقامات تک محدود رہیں جہاں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا تھا جبکہ بھرپور کوشش کی گئی کہ غیر متعلقہ اہداف کو نقصان نہ پہنچے۔
تاہم سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق کے دوران دشمن کو متعدد مقامات پر بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور کئی چوکیوں سے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
پاکستانی مسلح افواج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے معرکۂ حق کے دوران پاکستان کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔