ایرانی میک اپ آرٹسٹ نے خود کو ایشوریا رائے میں تبدیل کر لیا
بولی ووڈ کی مقبول فلم محبتیں میں اداکارہ ایشوریا رائے بچن کے یادگار انداز کو ایک ایرانی میک اپ آرٹسٹ نے بڑے خوبصورت طریقے سے دوبارہ تخلیق کیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اس ویڈیو میں گہری اسموکی آنکھوں، گہرے ہونٹوں اور فلم کے مشہور رومانوی گانے نے دیکھنے والوں کو خاصا متاثر کیا ہے۔
میک اپ آرٹسٹ اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹر نسیم ایرانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ ٹرانسفارمیشن ویڈیو شیئر کی، جسے فلم کے مقبول گانے ’ہم کو ہم ہی سے چرا لو‘ کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
ویڈیو کے آغاز میں نسیم بغیر میک اپ کے نظر آتی ہیں اور ہاتھ میں میک اپ برش لیے گانے کے ساتھ لب ہلاتی ہیں۔
گانے کے دوران ویڈیو میں اچانک شاندار تبدیلی دکھائی دیتی ہے اور ان کا مکمل تیار شدہ انداز سامنے آتا ہے جس میں ان کے بال کھلے اور ہلکی لہروں میں سنوارے گئے ہیں، جبکہ انہوں نے اسموکی آئی میک اپ کے ساتھ گہرے بھورے رنگ کی لپ اسٹک لگائی ہوئی ہے۔
آخر میں وہ کیمرے کے سامنے پوز دیتے ہوئے اپنا مکمل لُک دکھاتی ہیں۔
یہ ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے تعریفی تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ایک صارف نے اس تبدیلی کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ نسیم نے اس لُک کو بالکل درست انداز میں نبھایا ہے۔
ایک اور صارف نے آنکھوں کے میک اپ کا طریقہ جاننے میں دلچسپی ظاہر کی، جبکہ ایک تیسرے صارف نے ان کی دیگر ویڈیوز میں کیے گئے کام کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابی کی دعا کی۔
یاد رہے کہ فلم محبتیں 2000 میں ریلیز ہونے والی ایک رومانوی فلم تھی، جس کی ہدایت کاری آدتیہ چوپڑا نے کی تھی۔
فلم میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن اور ایشوریا رائے نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جہاں ایشوریا رائے نے میگھا کا کردار نبھایا جو امیتابھ بچن کے کردار نارائن شنکر کی بیٹی تھیں۔
میگھا کا کردار اور فلم کے یادگار گیت آج بھی بولی ووڈ کے شائقین میں خاصے مقبول ہیں۔