قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری ارسال، اہم قانون سازی کا امکان

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو شام پانچ بجے طلب کرنے کے لیے نئی سمری ارسال کر دی گئی ہے، اس اجلاس میں اہم قانون سازی کا امکان ہے۔

طارق فضل چوہدری نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد صدر مملکت قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے اور اس اجلاس میں اہم قانون سازی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قانون سازی کے عمل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اجلاس کا ماحول سازگار رکھنا سب کی یکساں ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے ہونے والی ملاقات میں حکومتی وفد نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی توثیق کے حق میں ووٹ دینے کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں حکومتی وفد نے اہم قانون سازی کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی۔

زرداری ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے شرکت کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا امکان بھی زیر غور آیا، جس میں اہم قانون سازی اور دیگر قومی امور زیر بحث آ سکتے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مشاورت کے بعد حتمی مؤقف اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ ملاقات نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجاویز پر جاری سیاسی بحث کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے اور بلاول بھٹو زرداری اس سے قبل نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت اور سندھ کی تقسیم کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔

Related posts