اسپین اور پرتگال میں حالیہ بجلی کی بندش سائبر حملوں کی وجہ سے نہیں ہوئیں، دونوں ممالک کے حکام نے وضاحت کی ہے کہ ان واقعات کا بجلی کے نظام سے کوئی تعلق نہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابتداء میں، پرتگال کے حکام نے اس واقعے کو سائبر حملے سے جوڑا تھا، خاص طور پر فرانس کے شہر پیریپینیان اور ناربون کے درمیان ایک ہائی وولٹیج لائن میں آگ لگنے کے امکان پر غور کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں پرتگال کے وزیرِاعظم لوئیس مونٹینیگرو نے اس بات کی تصدیق کی کہ بجلی کی بندش کی اصل وجہ اسپین کی بجلی کی تقسیم کے نظام میں خرابی تھی، اور سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے۔
اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور ذاتی طور پر Red Eléctrica کا دورہ کیا۔ پرتگال میں بھی وزیرِ اعظم نے ہنگامی کابینہ اجلاس منعقد کیا اور بجلی کی فراہمی کی بحالی کے لیے اقدامات کیے۔
دوسری جانب پرتگال کے وزیراعظم لوئس مونٹی نیگرو نے کہا ہے کہ اسپین اور پرتگال میں بجلی کے تعطل کے پیچھے سائبر حملے کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی، لیکن یہ بات اب واضح ہو گئی ہے کہ یہ ”پرتگال سے شروع نہیں ہوئی تھی“۔
وزیراعظم مونٹی نیگرو نے توقع ظاہر کی کہ پرتگال میں بجلی ”اگلے چند گھنٹوں میں بحال ہو جائے گی“۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس حادثے پر ہونے والے وزارتی اجلاس سے وقفہ لے کر پرتگال کی بجلی کی کمپنی ”رین“ کا دورہ کریں گے تاکہ اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
غیر ملکی زرائع ابلاغ کے مطابق پرتگال کے گرڈ آپریٹر نے اس سے پہلے کہا تھا کہ اسپین میں درجہ حرارت میں ”انتہائی اتار چڑھاؤ“ کی وجہ سے بجلی کا تعطل پیدا ہوا۔
یاد رہے کہ اسپین، پرتگال اور فرانس کے کچھ علاقوں میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کے مشترکہ نیٹ ورک میں فنی خرابی کےباعث بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا جس کے باعث پرتگال اوراسپین کے ہوائی اڈوں پربھی بجلی بند ہوگئی۔
میڈرڈ کے بارجاس بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بجلی غائب ہونے سے آپریشن میں خلل پڑا اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز بھی متاثر ہوئیں، بجلی کے بریک ڈاؤن کیوجہ سے سڑکوں پرسگنل بھی بند ہوگئے جس کے باعث ٹریفک جام ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہسپانوی سرحد کے قریب اندورا اور جنوبی فرانس کے کچھ حصے متاثر ہوئے جبکہ بیلجیم کے بھی کچھ علاقوں میں بجلی کی بندش ریکارڈ کی گئی۔