سرحدوں پر تناؤ ہے، ہمیں جلاؤ گھیراؤ والوں کے ساتھ نہیں، پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، مریم نواز

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدوں پر تناؤ ہے، ہمیں جلاؤ گھیراؤ والوں کے ساتھ نہیں، پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ پاک فوج نے وطن عزیز کی خاطر بہت قربانیاں دی ہیں۔

لاہور میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مالی حالات کے باعث کوئی بچہ پڑھ نہ سکے تو دکھ ہوتا ہے، صرف پنجاب کا نہیں پورے پاکستان کا مستقبل روشن ہے، لیپ ٹاپ اسکیم میں بچیوں کا حصہ زیادہ رکھا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک بھی لیپ ٹاپ بغیر میرٹ کے نہیں دیا گیا، ہر سال ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کیے جائیں گے، میں آپ کی ماں کی طرح ہوں ، تمام خواب پورے کروں گی، اسکالر شپ 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دیں۔

وزیراعلٰی پنجاب نے طلبہ سے خطاب میں کہا کہ سرحدوں پر ہم سب افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کا ساتھ نہیں دینا ہے، بارڈر پر بہت ٹینشن ہے مگر بچوں آپ نے ڈرنا نہیں ہے، پاک فوج نے وطن عزیز کی خاطر بہت قربانیاں دی ہیں۔

پنجاب میں آٹھ سال بعد لیپ ٹاپ سکیم کا دوبارہ آغاز

وزیراعلیٰ مریم نواز کا طلبہ کیلئے پہلی مرتبہ 13th جنریشن کور آئی 7 کا تحفہ، پنجاب میں ہونہار اسکالر شپ فیز ٹو کا بھی آغاز ہو گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم کے پہلے فیز کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر دیگر صوبوں کے 5 ہزار طلبہ بھی لیپ ٹاپ اسکیم کا حصہ ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان، خیبر پختونخوا کیلئے ای پورٹل اوپن کر دیا گیا۔ پنجاب کے بعد سب سے زیادہ خیبرپختونخوا کے 3136 طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ بلوچستان کے 938، آزاد کشمیر 517، گلگت بلتستان 410 طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور کی تاریخی یو ای ٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کا آغاز کیا۔ وزیراعلی مریم نواز صدارتی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں۔ مریم نواز نے تقریب میں آمد پر ہاتھ ہلا کر طلبہ کے خیرمقدمی نعروں کا جواب دیا۔ 2 سے 5 سال، تیسرے سے آٹھویں سمسٹر کے طلبہ کو 20ہزار ہونہار سکالر شپ ملے گی۔

لاہور ڈویژن کے 27 سرکاری کالجز، 6 میڈیکل کالجز کے طلباٗ کو سکالر شپ ملے گی۔ یونیورسٹیوں کے 3121 طلبہ کے لئے 12کروڑ روپے سے زائد کے سکالر شپ ملے گی۔ اسکیم کے تحت لاہور ڈویژن کے 14 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ 13سرکاری یونیورسٹیاں،6 میڈیکل کالجز اور27 اعلیٰ تعلیمی اداروں کو لیپ ٹاپ دیے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، کوئین میری کالج کی طالبات نے وزیراعلی کو خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے گارڈ آف آنر پیش کرنے والی طالبات کو پیار کیا۔ تقریب میں یو ای ٹی کے طلبہ نے پُراثر ملی نغمے پیش کئے۔

وزیراعلی مریم نواز نے خود بھی ملی نغمہ گایا، حاضرین بھی شامل ہوئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان کہہ رہے ہیں ”قدم قدم آباد رہے“ ان شاءاللہ یہ دھرتی تا ابد آباد رہے گی۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلی مریم نواز طلبہ میں گھل مل گئیں اور سلیفیاں بنائی۔ وزیراعلی مریم نواز نے طلبہ سے ملکر“ پاکستان زندہ باد “کا فلک شگاف نعرہ لگایا۔

Similar Posts