بھارت کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بھارت میں بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام بھارتی حکومت کی جانب سے آزادی اظہار رائے پر ایک اور کاری ضرب قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے عالمی میڈیا میں بھارت کے ریاستی جبر، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام پر مظالم کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جس پر ردعمل میں بھارت نے ان کا اکاؤنٹ بھی بند کر کے اپنی عدم برداشت کا عملی مظاہرہ کیا۔
پاکستانی ہیکرز نے بھارتی فضائیہ اور فوج کی ویب سائٹس ہیک کر لیں

وزیر اطلاعات نے ایک حالیہ بین الاقوامی انٹرویو میں بھارت کے ”جمہوری چہرے“ کے پیچھے چھپے ظلم و ستم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، مگر اپنے ہی شہریوں، بالخصوص کشمیریوں، کو بنیادی حقوق سے محروم رکھتا ہے۔
عالمی معاہدہ نا ہونے کے باوجود پاکستان نے بھارتی ٹی وی اور یوٹیوب چینلز پر پابندی لگا دی
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے یہ اقدام 30 اپریل کو عطا تارڑ کی ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے نتیجے میںاٹھایا، جس میں انہوں نے بھارت کے جنگی عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ بھارتی افواج 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان پر حملہ آور ہو سکتی ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنی کانفرنس میں ”قابلِ بھروسہ اطلاعات“ کی بنیاد پر انکشاف کیا تھا کہ بھارت ایک خطرناک جنگی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ ’پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا، اور اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو اُس کی مکمل ذمہ داری بھی اُسی پر عائد ہو گی‘۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے اکاؤنٹس کو بھارت میں محدود کیا تھا، جس پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ رویہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
بھارتی اقدام کو پاکستان میں آزادیِ اظہارِ رائے پر حملہ اور سچ چھپانے کی ناکام کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارتی حکومت کی طرف سے عطا اللہ تارڑ کا آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ قانونی وجوہات کا بہانہ بنا کر بند کیا گیا، جس سے بھارت کی گھبراہٹ اور جنگی جنون کا اظہار ہوتا ہے۔
یہ ساری صورتحال اُس پس منظر میں ہے جب 22 اپریل کو پاہلگام حملے کے بعد بھارت نے مسلسل پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ شروع کر دی، اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل نو راتوں تک بلااشتعال فائرنگ جاری رکھی۔ دوسری جانب بھارت نے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرتے ہوئے 1960ء کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا، تمام پاکستانی ویزے منسوخ کر دیے اور واہگہ اٹاری بارڈر کو بند کر دیا۔
بھارتی بوکھلاہٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نہ صرف حکومتی نمائندوں بلکہ پاکستانی میڈیا، یوٹیوب چینلز، اور اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک کو بلاک کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس پی آر، مہوش حیات، علی ظفر، ماہرہ خان اور ہانیہ عامر سمیت متعدد شخصیات کے اکاؤنٹس بند کیے جا چکے ہیں۔ حتیٰ کہ پاکستانی میڈیا ادارے جیسے ڈان، جیو، اے آر وائی اور سما ٹی وی بھی بھارت کی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
ہمیں جنگیں لڑنے کا بہت زیادہ شوق ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی خبردار کیا کہ خطے میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، اور اگلے دو سے تین روز انتہائی اہم ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ’اگر بھارت کچھ کرنے کی ٹھان چکا ہے، تو اسے سنگین نتائج کے لیے تیار رہنا چاہیے‘۔
پاکستانی عوام اور قیادت بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف متحد ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت پاکستان کے میڈیا اور قیادت کی آواز دبانے کی کوشش کر کے دنیا کو اصل حقائق سے اندھیرے میں رکھنا چاہتا ہے، مگر سچ کو دبایا نہیں جا سکتا۔