بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں کی گئی بزدلانہ کارروائیوں کے بعد ملک بھر میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ شہری دفاع سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ تمام اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس (جی ایچ اے) پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب نے اسپتالوں میں ان ڈور سروسز فوری بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حرکت کی ہے۔ ان کے مطابق بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا جس سے قیمتی جانوں کے نقصان کا خدشہ ہے۔
بھارتی حملے کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ، پنجاب اور اسلام آباد میں فول پروف اقدامات
ڈاکٹر سلمان حسیب نے واضح کیا کہ شعبہ طب اس وقت افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وارڈز اور ان ڈورز میں فوری طور پر طبی خدمات کا آغاز کیا جا رہا ہے اور زخمیوں کے علاج کے لیے تمام تر آپریشنز شروع کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد اور پنجاب میں تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے
انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور، مظفرآباد اور مریدکے میں ینگ ڈاکٹرز کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ وہ موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی خدمات فراہم کریں۔