چینی خبر رساں ادارے ”شنہوا“ نے پاکستان کے ہاتھوں بھارت کے روسی ساختہ فضائی دفاعی نظام S-400 کے تباہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
شنہوا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاک فوج نے ہفتے کے روز ایک بڑی کارروائی میں بھارتی پنجاب کے ضلع جالندھر میں واقع آدم پور ایئربیس پر بھارتی ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ کارروائی پاکستان کے جاری آپریشن ”بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص“ کے تحت کی گئی، جو بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزیوں کے جواب میں شروع کیا گیا ہے۔
پاک فوج نے ایئر بیسز سمیت 26 مقامات کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج کا اعتراف
شنہوا نے آئی ایس پی آر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ جے ایف-17 طیارے سے فائر کیے گئے ہائپر سونک میزائل اور جدید ترین ”پریسیژن گائیڈیڈ“ ہتھیاروں کی مدد سے کیا گیا، جس کے نتیجے میں بھارت کا جدید ترین دفاعی نظام مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ تباہ کیا گیا S-400 سسٹم تقریباً 1.5 ارب امریکی ڈالر مالیت کا تھا اور بھارت کے سب سے جدید زمین سے فضا میں مار کرنے والے دفاعی نظاموں میں شمار ہوتا تھا۔
فوجی ماہرین نے چینی خبر رساں ادارے ”شِنہوا“ کو بتایا کہ اس کامیاب حملے کے بعد بھارت کے فضائی دفاعی نظام پر خطے میں سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پاک فوج نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص میں الفتح میزائل کی لانچ شہید پاکستانی بچوں کے نام کردی
چین کی جانب سے صرف ایک ایس-400 کی تباہی کی تصدیق کی ہے، جبکہ پاکستانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے دو ایس-400 میزائل ڈیفنس سسٹم گجرات کے بھُج علاقے اور ادھم پور میں تباہ کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب انڈین فضائیہ کی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے ہفتے کو پریس بریفنگ میں کسی بھی ایس-400 کی تباہی کی تردید کی ہے۔