اسلام کا لبادہ اوڑھے دہشتگرد گروہ فتنۃ الخوارج کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ گروہ اب کھلے عام بھتہ خوری کو اپنی مالی معاونت کا نیا ذریعہ بنا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی سرپرستی اور مالی امداد کے باوجود فتنۃ الخوارج اپنی نام نہاد شریعت کے نفاذ میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ اس ناکامی کے بعد گروہ نے عوام کو نشانہ بناتے ہوئے بھتہ خوری، دھمکیوں اور مالی استحصال کو اپنی روش بنا لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنۃ الخوارج نے کان کنی اور معدنیات کے شعبے سے وابستہ ٹھیکیداروں کو دھمکی آمیز خطوط ارسال کیے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کاروبار کی کل آمدن کا 5 فیصد بطور بھتہ ادا کریں۔ علاوہ ازیں، معدنیات کی ترسیل کے ہر ٹرک پر 5 ہزار روپے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
گروہ نے واضح طور پر متنبہ کیا ہے کہ ان مطالبات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ افراد خود نقصان کے ذمہ دار ہوں گے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنۃ الخوارج اب ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کی صورت اختیار کر چکے ہیں، جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے جرائم اور حرکات نہ صرف پاکستانی ریاست کے خلاف ہیں بلکہ یہ اسلام کے نام کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے۔
ماہرین کے مطابق جب ان کے شریعت کے دعوے عوام میں پذیرائی حاصل نہ کر سکے تو انہوں نے بندوق، بھتہ اور دھمکی کو اپنا ہتھیار بنا لیا۔ عوامی ردعمل کے بعد ان کا اصل چہرہ سامنے آ چکا ہے اور اب ان کا اسلام دشمن ایجنڈا بھی بے نقاب ہو گیا ہے۔