امریکا کو ساری حقیقت معلوم ہو چکی، مودی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا، انوار الحق کاکڑ

0 minutes, 0 seconds Read

آج نیوز کے پروگرام روبرو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ امریکا کو ساری حقیقت معلوم ہو چکی، مودی کی حکمت عملی ناکام ہوگئی۔ پاکستانی قیادت نے دفاعی حکمت عملی اور خطے میں امن کے حوالے سے اہم مؤقف پیش کیا، راجہ پرویز اشرف نے فیلڈ مارشل کے فیصلے کو قوم کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف حکومت کے لیے قابل ستائش ہے بلکہ پوری قوم کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

آج نیوز کے پروگرام “ روبرو“ میں میزبان شوکت پراچہ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اپنی گفتگو میں سابق نگراں وزیراعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے خضدار میں دہشت گردی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خضدار میں ہونے والی دہشت گردی کا دکھ وہ الفاظ میں نہیں بیان کر سکتے، لیکن یہ وقت آ چکا ہے کہ دہشت گردوں کا منہ توڑا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے کئی مراحل ہوتے ہیں اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے۔ سابق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات نئے نہیں ہیں اور افغان قیادت کو اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں پاکستان کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون ضروری ہے۔

پاک بھارت سیز فائر پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سیز فائر کے حوالے سے کبھی بھی بھیک نہیں مانگی اور اس مرتبہ بھارتی اسٹرٹیجک غلط فہمی نے پاکستان کے موقف کو مضبوط کر دیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایوارڈ دے کر ایک نیک فیصلہ کیا ہے۔

سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو پاکستان اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال کی مکمل حقیقت کا اندازہ ہو چکا ہے۔ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی عسکری قیادت اور امریکی حکام کے درمیان کسی سطح پر اہم گفتگو ہوئی ہے، انھوں نے کہا کہ اگرچہ اس بات کی باضابطہ تصدیق ان کے پاس نہیں ہے۔

سابق نگراں وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ امریکی سینیٹرز کے بیانات میں دونوں جانب غصہ جھلکتا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ کچھ براہ راست معلومات کا تبادلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر ٹرمپ کے فاکس نیوز انٹرویو سے بھی یہ اشارہ ملتا ہے کہ امریکی قیادت کو زمینی حقائق کا بخوبی علم ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کی پالیسیز کی ناکامی اور پاکستان کی جانب سے دو ٹوک جواب نے عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا ہے۔ پاکستان اپنی دفاعی پوزیشن واضح کر چکا ہے اور اب دنیا اس مؤقف کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کے ردعمل سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت اپنی وکٹری کو تسلیم کرنے میں ناکام ہے اور ان کی جانب سے پاکستان کو کمزور سمجھنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ ہمارے ہاں کوئی سوال نہیں کر رہا اور ہندوستان میں کوئی انھیں تسلیم نہیں کر رہا۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی گفتگو

آج نیوز کے پروگرام “ روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کے حکومت کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف حکومت کے لیے قابل ستائش ہے بلکہ پوری قوم کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے اپنی قیادت میں پاکستان کی فوج کو مضبوط بنایا اور ہندوستان کے ساتھ جنگی میدان میں کامیابیاں حاصل کیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث پوری قوم کو فخر ہے اور یہ فیصلہ قوم کی دل کی خواہشات کی تکمیل ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر بھارت جنگ چھیڑتا ہے تو پاکستانی فوج کے بہادر جوان ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے انٹرنیشنل میڈیا پر پاکستان کا مقدمہ لڑنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی جارحیت کا پول کھولنے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف مضبوط کریں گے۔

Similar Posts