بدقسمتی سے مودی جیسے لوگ اقتدار میں آکر پوری دنیا کا امن خراب کرتے ہیں، خواجہ آصف

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مودی کو اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے، بدقسمتی سے نریندر مودی جیسے لوگ اقتدار میں آکر اپنے ملک سمیت پوری دنیا کا امن خراب کرتے ہیں، علیمہ خان نے راستہ ڈھونڈنے کی معمولی سی کوشش کی، دیکھنا ہوگا کہ یہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مودی بالآخر اپنی اوقات پر آگئے ہیں، مودی کو اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے، بدقسمتی سے نریندر مودی جیسے لوگ اقتدار میں آکر اپنے ملک سمیت پوری دنیا کا امن خراب کرتے ہیں، اس نوعیت کی ایک مثال اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے بچوں نے وارفیئر کی نئی تاریخ رقم کی، دنیا پوچھ رہی ہے کہ یہ تم نے کیا کردیا ہے، مودی کی ساری بڑھکیں چند گھنٹوں میں ختم کردیں۔

علیمہ خان کے بیان پر خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے راستہ ڈھونڈنے کی معمولی سی کوشش کی، دیکھنا ہوگا کہ یہ لوگ کیا چاہتے ہیں، ان کے کارکن ان کی اجازت سے فوج کے خلاف زبان استعمال کرتے ہیں، باہر بھی جو کچھ ہوتا ہے ان کی مرضی سے ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت سیاحت کو گلے لگاتا ہے، پاکستان دہشت گردی کو سیاحت سمجھتا ہے، یہ ذہنیت دنیا کے لیے خطرہ ہے، پاکستانی عوام سے کہتا ہوں سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ، ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔

’گجرات کے قصائی‘ کا لقب پانے والے بھارتی وزیراعظم نے سنگین الزام عائد کیا کہ دہشت گردی آپ (پاکستان) کی حکومت اور فوج کے لیے پیسہ کمانے کا ذریعہ ہے، پاکستانی عوام کو آگے آکر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہیے۔

Similar Posts