بالائی علاقوں کے بعد سندھ میں بھی تیزہواؤں اوربارش کے سسٹم نے انٹری دے دی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دن بھر کی شدید گرمی کے بعد موسم نے کروٹ بدل لی، گردوغبار کا طوفان اور تیز ہوائیں چلنے لگیں، کوٹری میں تیزہواؤں اور بارش کے باعث حادثات میں 2 افرادجاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے جبکہ حیدرآباد، جامشورو سمیت دیگر شہروں میں بھی بادل برس پڑے۔ محکمہ موسمیات نے کل شام ملک کے کئی علاقوں میں تیزہواؤں کا الرٹ جاری کردیا۔
ملک کے بالائی علاقوں کے بعد اب سندھ بھی بارشوں اور تیز آندھی کے سسٹم کی لپیٹ میں آ گیا، حیدرآباد، جامشورو، اور کوٹری سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور آندھی کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے، جبکہ کوٹری میں مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور کم از کم 25 افراد زخمی ہو گئے۔
کوٹری کے ببر اسٹاپ پر دیوار گرنے سے 10 سالہ راشد چانڈیو جاں بحق ہو گیا، جبکہ بروہی چوک میں شہری ایاز تیز ہواؤں کے باعث پیش آنے والے حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور درخت و بجلی کے کھمبے جڑوں سے اکھڑ گئے۔
بارش کے باعث جامشورو، کوٹری، اور حیدرآباد میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے تیز ہواؤں، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شدید جھکڑوں اور بارش سے درخت، بجلی کے کھمبے، گاڑیاں اور سولر پینل متاثر ہو سکتے ہیں۔
آزاد کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں 17 ملی میٹر اور مظفرآباد میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ خیبرپختونخوا، اسلام آباد، چکوال، اٹک، اور بلوچستان کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے رم جھم کا سلسلہ جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو روز میں بارشوں کا یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں دن بھرکی شدید گرمی کے بعد موسم نے اچانک کروٹ بدل لی، گردوغبار کا طوفان اور تیز ہوائیں چلنے لگیں۔
محکمہ موسمیات نے 3 گھنٹے تک بارش اور طوفان کی پیشگوئی کی تھی۔ بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب اور اندرون سندھ میں آج شام سے آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔