عالمی برادری فلسطینیوں کیلئے خوراک، مالی و طبی امداد فراہم کرے، جنیوا اجلاس میں پاکستان کا مطالبہ

0 minutes, 1 second Read

جنیوا میں محنت کشوں کے عالمی ادارے کے رکن ممالک کے وزراء کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چودھری سالک حسین نے فلسطینیوں کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے غزہ میں نہتے شہریوں کے خلاف مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کیلئے خوراک، مالی و طبی امداد فراہم کرے، یو این، محنت کشوں کےعالمی ادارے غزہ میں قتل عام روکیں، پاکستان کی توجہ محنت کشوں کا تحفظ یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔

سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چودھری سالک حسین نے فلسطینیوں کیلئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس حمایت کا اظہار جنیوا میں عرب لیبر آرگنائزیشن کے زیراہتمام فلسطینی محنت کشوں اور عوام کے ساتھ بین الاقوامی یکجہتی اجلاس کے عنوان سے ایک تقریب میں کیا۔

چودھری سالک حسین نے غزہ میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت نہتے شہریوں کیخلاف طاقت کے استعمال اور مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کیلئے خوراک، مالی اور طبی امداد فوری فراہم کریں۔

وفاقی وزیر نے قتل عام روکنے اور معمولات زندگی بحال کرنے کیلئے اقوام متحدہ اور محنت کشوں کے عالمی ادارے سے فوری اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس میں محنت کشوں کے عالمی ادارے کے رکن ممالک کے وزراء او ر سینئر عہدیداروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فلسطین کے وزیر محنت Anaas Atari نے بھی عرب ممالک کی اعلیٰ قیادت، محنت کشوں کے عالمی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اور انٹر نیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے بچوں اور خواتین سمیت فلسطینیوں کی نسل کشی کی بھی مذمت کی۔

ادھر سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر نے جنیوا میں انٹرنیشنل ٹریڈیونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل Luc Triangle سے بھی ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے Decent ورک کنٹری پروگرام کے تحت محنت کے عالمی معیارات اور ملکی کوششوں کے پاکستان کے عزم پر زور دیا جس کا مقصد اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت محنت کشوں کیلئے حالات بہتر بنانا ہے۔

چودھری سالک حسین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی توجہ بیرون ملک مقیم محنت کشوں کا تحفظ یقینی بنانے اور سماجی تحفظ کے نظام کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔

دونوں مواقع پر جنیوا میں اقوا م متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے بلال احمد،Ophrd کے جوائنٹ سیکرٹری سلیمان غنی، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد اور پاکستان کے دیگر حکام وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔

Similar Posts