ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 15 اہلکار شہید، 12 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا تاہم حملے کے نتیجے میں 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی کے دوران 12 خوارج مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ’فتنہ الخوارج‘ کے دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کے سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 12 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اسی دوران حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، دھماکے کی شدت سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے، جن میں فوج کے 12 جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری عہدیدار شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ٹانک میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت نے شہید ہونے والے بہادر جوانوں اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ قوم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخرو ہوگا۔

​وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے، ادارے کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ٹانک میں شہید 15 بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں جان دے کر خوارجیوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا، بہادر سپوتوں نے 12 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں اور ہمارے سر کا تاج ہیں، شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Related posts