ہمارے جیتے جی عمران کو کوئی مائنس نہیں کرسکتا، گنڈا پور کا علیمہ خان کے بیان پر رد عمل

0 minutes, 0 seconds Read

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری کے بغیر خیبرپختونخوا اسمبلی سے بجٹ منظور ہونے پر علیمہ خان نے کہا کہ میرا خیال ہے عمران خان مائنس ہوگئے، جس کے ردعمل میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میرا لیڈر عمران خان ہے اس کا فیصلہ ہمارا فیصلہ ہے، جو بھی وہ کہیں گے، وہی کروں گا، ہمارے جیتے جی بانی کو کوئی مائنس نہیں کرسکتا، لوگ کسی اور ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔

علیمہ خان کا اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مائنس ہونے کے حوالے سے بیان کے جواب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے واضحاتی بیان جاری کردیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے جیتے جی بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس نہیں کرسکتا، عمران خان تب مائنس ہوگا جب ہم مرے ہوں، کئی لوگ کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ان لوگوں کے پاس بانی چئیرمین کو کمزور اور ان کا اختیار اپنے پاس لینے کا ایجنڈا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ عمران خان کے آج کے بیان سے واضح ہے کہ بانی چئیرمین اپنی حکومت ختم کرنا نہیں چاہتے، جن لوگوں نے مخالفین کے بیانیے کو آگے بڑھایا ان کو پہچانیں۔

میری اجازت کے بغیر خیبرپختونخوا کا بجٹ کیسے منظور ہوگیا؟ عمران خان برہم

دوسرفی جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے بغیر مشاورت خیبرپختونخوا کا بجٹ پاس کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں وہ ضروری تبدیلیاں کرنی ہوں گی جو میں چاہتا ہوں۔

عمران خان سے جیل میں عظمیٰ خان اور نورین خان نے ملاقات کی تاہم علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

عمران خان سے بہنوں کی ملاقات کے بعد علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بانی تحریک انصاف عمران خان نے بجٹ پاس کرنے کو یکطرفہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ میرا حتمی فیصلہ تھا کہ میرے ساتھ مشاورت کی جاتی۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہاکہ علی امین گنڈا پور کو بہت پہلے میرے پاس آ جانا چاہیے تھا، بیرسٹر سیف کو بھیجا گیا تھا تاکہ وہ مجھے بجٹ کی جلدی منظوری کی وجوہات سمجھا سکیں، مگر یہ سب ناقابل قبول ہے۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے بغیر بجٹ کی منظوری نہ صرف غیر آئینی بلکہ ناقابل قبول ہے۔ اب پانچ رکنی مشاورتی ٹیم میرے پاس آئے، اور پھر ہم سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے کہ آئی ایم ایف ایسے بجٹ کو کیسے تسلیم کرے گا جس میں پارٹی ہیڈ کی مشاورت ہی نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان خیبر پختونخوا کے سرپلس بجٹ سے بالکل مطمئن نہیں۔ ’سرپلس دکھانے کا فائدہ وفاقی حکومت کو ہوتا ہے، اب وہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ سے اجازت لی جائے اور بجٹ میں وہ تبدیلیاں لائی جائیں جو وہ کہیں گے۔‘

علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ ڈرون حملوں کی مخالفت کی ہے اور اب وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جو بھی شہریوں پر حملے کر رہا ہے اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے، بے گناہ لوگ مارنے سے دہشتگردی ختم نہیں ہوتی، بڑھتی ہے۔

علیمہ خان کے بقول عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کوئی ہائبرڈ سسٹم نہیں بلکہ براہِ راست مارشل لا نافذ ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ٹرمپ نے براہ راست فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات کی، نہ کہ شہباز شریف یا صدر زرداری سے، جنہیں دنیا جانتی تک نہیں۔

علیمہ خان نے شکایت کی کہ انہیں ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی کے ساتھ ملاقات سے روکا گیا، حالانکہ وہ بھی عمران خان کی ہمشیرہ ہیں، یہاں ایک کرنل صاحب فیصلہ کرتے ہیں کہ کون جیل میں عمران خان سے ملاقات کرے گا۔ تیمور جھگڑا، سلمان اکرم اور علی امین کو اجازت نہیں دی گئی، لیکن بیرسٹر سیف کو ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اور ایران اگر ایک ساتھ بیٹھ کر سیز فائر کا فیصلہ کر سکتے ہیں تو ہمیں بھی اپنے ملک کی خود مختاری کی فکر کرنی چاہیے۔ ایرانی ایک مضبوط قوم ہے، ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے کہ کیسے قانون کی حکمرانی اور قومی وقار کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔

علیمہ خان نے بتایا کہ آخر میں عمران خان نے سوشل میڈیا پر عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں یہی پلیٹ فارم عوام کی آواز بنے ہوئے ہیں اور یہی امید کی کرن ہیں۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر ہی بجٹ منظور کر لیا۔ نئے مالی سال کے لیے صوبائی بجٹ کی منظوری گزشتہ شب دی گئی۔

بجٹ کی منظوری سے پہلے تقریر میں علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جب بھی ملاقات ہوئی ان کی ہدایت کے مطابق بجٹ میں تبدیلیاں لائیں گے۔

Similar Posts