پاکستان ریلوے نے کرایوں میں اضافے کا اعلان کردیا، نوٹیفکیشن جاری

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان ریلوے نے بھی کرایوں میں اضافے کا اعلان کردیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے ایکسپریس، سیلون ٹرینز اور شٹل ٹرینوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کردیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے کرایوں کا اطلاق 4 جولائی 2025 سے ہو گا، جس کے بعد ملک بھر میں چلنے والی مختلف مسافر اور میل ایکسپریس ٹرینوں کے سفر پر مسافروں کو بڑھا ہوا کرایہ ادا کرنا ہو گا۔

یکم جولائی کو حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد پاکستان ریلویز نے کرایوں میں ترمیم کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ حکومت نے یکم جولائی سے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کا اضافہ کر دیا تھا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے اوگرا اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات پر آئندہ پندرہ دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ ڈیزل 10 روپے 39 پیسے اور فی لیٹر پیٹرول 8 روپے 36 پیسے مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

Similar Posts