عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو 3 مقدمات میں بری کردیا

کراچی کی مقامی عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی 3 مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے تینوں مقدمات میں بری کردیا ہے جب کہ پراسیکیوشن ملزمہ پنکی کے خلاف شوہد پیش کرنے میں ناکام رہی۔

جمعرات کو کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف گزری تھانے میں درج منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران ملزمہ کی جانب سے انعم کوثر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں 2 شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، ملزم علی اور فہمیدہ کو 2024 میں عدالت نے بری کیا تھا۔

وکیل صفائی کے مطابق انمول پنکی کو شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا تھا تاہم جب شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں تو ملزمہ کے خلاف مقدمے میں سزا کا کوئی امکان نہیں رہا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مقدمے سے بری کردیا۔

عدالتی کارروائی کے مطابق انمول پنکی کے خلاف گزری تھانے میں منشیات کا یہ مقدمہ 2021 میں درج کیا گیا تھا اور ملزمہ اس مقدمے میں مفرور تھی۔

Related posts