آذربائیجان میں جاری اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 17ویں سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اہم سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں۔ اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان کو اجلاس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد پیش کی اور ای سی او میں آذربائیجان کے فعال کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں توانائی، تجارت، تعلیم، اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کی دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن میں علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔