پاکستان نے غزہ میں فوری اور مکمل جنگ بندی معاہدے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان کی صدارت میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پر خوراک اور اسپتالوں میں ایندھن کی رسائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں فوری اور مکمل جنگ بندی معاہدے کا مطالبہ کرتا ہے۔ غزہ میں بھوک کے باعث بچے مر رہے ہیں۔ اسرائیلی قبضے کا خاتمہ امن کیلئے ضروری ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کا قتل عام بڑھ رہا ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں میں مزید 93 فلسطینی شہید اور 278 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں پناہ گزین کیمپوں، امدادی مراکز اور گھروں کو نشانہ بنایا۔ شہدا کی مجموعی تعداد 58ہزار 479 ہوگئی۔
وہیں اسرائیل نے جبالیہ اور شمالی غزہ سے رہائشیوں کو ایک بار پھر جبری انخلا کے احکامات جاری کر دیئے۔ یو این انسانی حقوق کا کہنا ہے اسرائیلی حملوں میں روز دس میں سے ایک بچہ دونوں یا ایک ٹانگ سے محروم کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق چھ ہفتوں میں امداد کے منتظر 875 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔