مزہ نہیں آرہا!۔۔۔ لیکن کیوں؟ سائنس نے وجہ بتا دی

0 minutes, 1 second Read

دنیا میں اکثر لوگ خوشی کو ایک عارضی کیفیت سمجھتے ہیں، جیسے کہ کوئی اچھی خبر ملنا، کوئی انعام جیتنا یا نئی چیز خریدنا۔ لیکن معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر جوڈتھ جوزف کا ماننا کچھ مختلف ہے۔ اُن کے مطابق، ’خوشی صرف ایک عیاشی یا وقتی لطف نہیں، بلکہ یہ ہماری فطرت کا حصہ ہے، یہ ہمارا پیدائشی حق ہے!‘

کیا خوشی کی تلاش، ایک مشن ہے

ڈاکٹر جوڈتھ جوزف ایک بورڈ سے تصدیق شدہ نفسیاتی ماہر، محقق اور مصنفہ ہیں۔ اُن کی نئی کتاب ’ہائی فنکشننگ: اوور کم یور ہِڈن ڈِپریشن اینڈ رِکلیم یور جَوئے‘ میں انہوں نے ایک ایسے موضوع پر روشنی ڈالی ہے جو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے، ’ہائی۔فنکشننگ ڈپریشن‘ یعنی ایسا ذہنی دباؤ جو بظاہر نظر نہیں آتا، لیکن انسان اندر سے خوشی محسوس کرنے کی صلاحیت کھو بیٹھتا ہے۔

جب خوشی مرجھا جائے

جوزف کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں لیکن وہ اداس نہیں لگتے۔ ان میں ایک کیفیت پائی جاتی ہے جسے ’انہیڈونیا‘ کہتے ہیں، یعنی خوشی یا لطف محسوس نہ کر سکنا۔ ایسے لوگ زندگی میں بظاہر کامیاب اور متحرک ہوتے ہیں، لیکن اندر سے خالی اور بے کیف۔

خود جوزف بھی اس کیفیت کا شکار رہی ہیں۔ 2020 میں اُن کی زندگی بظاہر مثالی تھی، کامیاب کیریئر، ٹی وی پر موجودگی، ایک خوبصورت فیملی، مگر وہ اندر ہی اندر ایک ایسی کیفیت سے گزر رہی تھیں جو ان کی خوشی کو نگل چکی تھی۔

خوشی کی راہ پر واپسی

جوزف نے اس کیفیت سے نکلنے کے لیے خود کو ایک مشن پر لگایا۔ انہوں نے تحقیق بھی کی اور اپنی ذات پر اس کا اطلاق بھی کیا۔ وہ کہتی ہیں کہ خوشی کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے پانچ اہم قدم اٹھانا ضروری ہیں،

1. احساسات کو پہچانیں (Validation)

سب سے پہلے اپنے جذبات کو پہچانیے، اُنہیں نام دیجیے، اور اُنہیں قبول کیجیے۔ اگر ہم نہیں جانتے کہ ہم کیا محسوس کر رہے ہیں تو ہم الجھن میں مبتلا رہتے ہیں اور اضطراب بڑھتا ہے۔

2. دل کی بات کہیے (Venting)

کسی ایسے شخص سے بات کیجیے جس پر آپ بھروسہ کرتے ہوں، لیکن خیال رہے کہ آپ اپنے دکھ کو دوسروں پر ’ڈمپ‘ نہ کریں۔ بات کرنے سے پہلے پوچھ لیں، ’کیا یہ وقت مناسب ہے؟‘

3. اپنی اقدار کو پہچانیے (Values)

زندگی میں اصل معنی اور مقصد کیا ہے؟ جوزف کہتی ہیں، ’میں نے پہلے کامیابی اور ایوارڈز کو سب کچھ سمجھا، لیکن آخر میں ہمیں وہی باتیں یاد رہتی ہیں جو دل سے جڑی ہوں، نہ کہ دنیاوی چیزیں۔‘

4. صحت کا خیال رکھیں (Vitals)

اچھی غذا، نیند اور باقاعدہ ورزش وہ بنیادیں ہیں جو ہمیں جسمانی اور ذہنی طور پر توانا رکھتی ہیں۔

5. ایک نیا وژن بنائیں (Vision)

ماضی میں الجھے رہنا خوشی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ جوزف مشورہ دیتی ہیں کہ ہم مستقبل کے لیے خوشی کے منصوبے بنائیں، چاہے وہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہی کیوں نہ ہوں۔

یہ زندگی ہے، کوئی کام نہیں

جوزف نے ایک انتہائی اہم بات کہی، ’اس پورے عمل کو ایک نیا پراجیکٹ مت سمجھیں۔ یہ آپ کی زندگی ہے، مقابلہ نہیں۔‘
خوشی کو بحال کرنا کوئی دوڑ نہیں ہے، بلکہ ایک مسلسل، مہربان سفر ہے۔

خوشی یا خوش حالی؟ فرق جانیے

جوزف کے مطابق، خوشی یا ہیپی نیس ایک وقتی کیفیت ہے، جو کسی انعام، خریداری یا تعریف سے حاصل ہوتی ہے۔ جبکہ ’خالص خوشی‘ دل کے اندر سے آتی ہے۔ جیسے ’بچوں کی معصوم مسکراہٹ‘، انہیں کوئی سکھاتا نہیں، وہ خوشی کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر جوڈتھ جوزف کا پیغام سادہ ہے مگر گہرا، ’ہم سب کے اندر خوشی کی چنگاری موجود ہے، بس ہمیں اُسے پھر سے جگانا ہے۔‘

اگر آپ بھی بظاہر خوشحال مگر اندر سے خالی محسوس کرتے ہیں، تو یہ وقت ہے کہ اپنی زندگی کی سمت پر غور کریں۔ اپنے جذبات کو قبول کریں، دوسروں سے جُڑیں، اپنی اقدار کو پہچانیں، صحت کا خیال رکھیں، اور مستقبل میں خوشی کے لمحوں کی منصوبہ بندی کریں۔

یاد رکھیے! خوشی کوئی چیز نہیں جو خریدی جا سکے، یہ وہ روشنی ہے جو آپ کے دل میں ہمیشہ سے موجود ہے۔ بس، اسے محسوس کیجیے۔

Similar Posts